نیویارک — سکھ فارجسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ دلی خالصتان کا حصہ بنے گا اور اس مقصد کے لیے 17 اگست کو امریکہ میں "دلی بنے گا خالصتان” کے موضوع پر ریفرنڈم منعقد کیا جائے گا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنوں نے دعویٰ کیا کہ ہماچل پردیش، ہریانہ، راجستھان، اتر پردیش کے کچھ علاقے اور دلی مستقبل کے خالصتان میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھوں کو آزادی کی تحریک میں شامل ہونا چاہیے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے خواتین اور بچوں کو شہید کیا، اور اس کے جواب میں سکھ پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر بھارت کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وائٹ ہاؤس میں مدعو ہونا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، جبکہ کینیڈا کے وزیراعظم نے بھی بھارت کو کئی ناخوشگوار واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
ان کے مطابق بھارتی حکومت سکھ برادری پر مسلسل پابندیاں عائد کر رہی ہے، جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔