انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو ۲۴؍ دن تک جاری رہنے والے ویمنز ٹی۲۰؍ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو ۲۴؍ دن تک جاری رہنے والے ویمنز ٹی۲۰؍ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز اگلے سال۱۲؍جون کو ایجبیسٹن میں فلڈ لائٹس کے تحت انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں موجودہ چمپئن نیوزی لینڈ سمیت ۱۲؍ ٹیمیں معتبر ٹرافی کیلئے مقابلہ کریں گی۔۸؍ ممالک پہلے ہی ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ پکی کر چکے ہیں، جبکہ آخری ۴؍ شرکاء کا فیصلہ اگلے سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔
انگلینڈ اور ویلز کو۲۰۲۲ء میں آئی سی سی ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی میزبانی کے حقوق دیئے گئے تھے، جس میں مختلف معیارات کے جائزے کے بعد ۷؍ میزبان مقامات کا انتخاب کیا گیا۔ آئی سی سی ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شائقین کو ٹورنامنٹ میں گروپ وَن میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ہندوستان ، پاکستان اور دو کوالیفائر ٹیموں اور گروپ۲؍ میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور دو کوالیفائر ویمنز ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل لندن میں بالترتیب دی اوول اور لارڈس میں ہوں گے۔
انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان نیٹ سیور-برنٹ نے کہاکہ ’’ورلڈ کپ ہمیشہ خاص ہوتے ہیں، لیکن یہ پہلے سے ہی مختلف لگ رہا ہے۔ اس میں واقعی کھیل کو بدلنے کی صلاحیت ہے۔ یہ ہمارے کھیل کے لیے ایک بڑا لمحہ ہوگا اور نوجوانوں کو متاثر کرنے اور ملک بھر کے شائقین کو مسحور کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔ اپنی سرزمین پر، سب سے بڑے انعام کیلئے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا، اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ‘‘
