اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں انقلابی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ اب گاڑیوں کو جاری کی جانے والی نمبر پلیٹیں مالک کی ملکیت سے منسلک ہوں گی، نہ کہ گاڑی سے۔ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد بلال اعظم کے مطابق، نئی پالیسی کے تحت اگر کوئی شہری اپنی گاڑی فروخت کرتا ہے تو وہ اپنی جاری کردہ نمبر پلیٹ واپس اسلام آباد ایکسائز کو جمع کروائے گا، جبکہ خریدار کو نئی ملکیتی نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی۔
بلال اعظم نے بتایا کہ گاڑی کا نمبر ایک سال تک بلا استعمال مالک کے نام محفوظ رہے گا، تاہم اگر ایک سال کے اندر اس نمبر کو کسی دوسری گاڑی پر استعمال نہ کیا گیا تو وہ نمبر منسوخ کر دیا جائے گا۔ڈی جی اسلام آباد ایکسائز کی جانب سے اس فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، اس پالیسی کا اطلاق ان تمام نمبرز پر ہوگا جو نوٹیفکیشن کے اجرا سے پہلے اور بعد میں جاری کیے گئے۔ اس طرح، ملکیتی بنیاد پر نمبر پلیٹ کا نظام مستقبل میں گاڑیوں کی ٹرانسفر کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔