اسلام آباد (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ فائزہ یونس سے ) – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے چین کے دارالحکومت بیجنگ بھیجا جائے گا۔ یہ اقدام اسلام آباد پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی معیار کے پولیسنگ نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بیجنگ پولیس ایک انتہائی فعال، منظم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے، جو امن و امان کے قیام اور جرائم کی سرکوبی میں جدید ترین طریقوں سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔
بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں فورسز کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ تربیتی پروگراموں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ میں جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) کے مختلف پہلوؤں پر تربیت حاصل کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو اینٹی رائٹ، دہشت گردی، منشیات، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے جدید تربیت دی جائے گی، جبکہ معلومات کے بروقت تبادلے کا نظام بھی قائم کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کی پولیس فورسز ایک دوسرے سے مؤثر طور پر سیکھ سکیں۔
