اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں قائم 10 کرکٹ اور 10 فٹ بال گراؤنڈز کی نیلامی عارضی طور پر روک دی ہے۔ یہ فیصلہ سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن سردار مہتاب کی درخواست پر جسٹس انعام امین منہاس نے سنایا۔
درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ کھیلوں کے میدان عوامی مفاد کا حصہ ہیں اور انہیں پچاس پچاس لاکھ روپے کے عوض نیلام کرنا شہریوں کے حقوق پر قدغن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کھیلوں کے میدانوں کا اختیار سی ڈی اے کے پاس نہیں بلکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس ہے۔
عدالت نے ابتدائی دلائل کے بعد سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گراؤنڈز کی نیلامی کی صورت میں عام شہری، بالخصوص نوجوان طبقہ، کرکٹ اور فٹ بال کھیلنے کے بنیادی حق سے محروم ہو جائے گا۔
کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔
