امریکہ-پاکستان پورٹس ویبینار، 65 سے زائد کمپنیوں کی شرکت
کراچی / واشنگٹن، 16 جولائی 2025 – امریکہ کے محکمہ تجارت اور محکمہ خارجہ نے پاکستان کی وزارت بحری امور کے اشتراک سے "امریکہ-پاکستان پورٹس ویبینار” کا انعقاد کیا، جس میں 65 سے زائد امریکی کمپنیوں نے شرکت کی۔
ویبینار کا مقصد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم میں موجود مواقع کو اجاگر کرنا اور امریکی سرمایہ کاروں کو بندرگاہی منصوبوں میں شمولیت کی ترغیب دینا تھا۔ یہ سلسلہ "Gateways to Growth: South Asia Port Opportunities” کا حصہ ہے۔
امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اُربم نے کہا کہ "پاکستان کے بندرگاہی شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں، اور امریکی کمپنیاں ان میں شراکت داری کے لیے پرجوش ہیں۔”
اس موقع پر یو ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے ایان ہنڈلی نے کہا کہ یہ اقدام امریکی کمپنیوں کو پاکستانی بندرگاہی حکام تک براہِ راست رسائی فراہم کرتا ہے، جو خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے اہم قدم ہے۔
ویبینار میں کراچی گیٹ وے ٹرمینل اور قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور انفراسٹرکچر، ضوابط اور تجارتی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔