اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے اسرائیل اور ایران کے مابین کشیدگی کے خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تنازع میں مزید شدت آئی تو خطے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا خدشہ ہے۔

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے بعد دونوں ممالک میں لوگ تحفظ کے لیے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں نقل مکانی کی اطلاعات ہیں جبکہ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے نتیجے میں شہری محفوط مقامات پر یا بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں۔
’یو این ایچ سی آر‘ کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے کہا ہے کہ خطہ پہلے ہی بڑے پیمانے پر جنگ، نقصان اور نقل مکانی کا سامنا کر رہا ہے اور ایسے حالات میں دنیا پناہ گزینوں کے ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ جب لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوتے ہیں تو ان کے پاس فوری طور پر واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوتا اور عموماً اس کے اثرات آنے والی نسلوں تک جاتے ہیں۔ادارے نے خطے کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ پناہ کے حق کا احترام کریں اور جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ادارے نے متحارب فریقین سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو تحفظ دینے کے لیے بھی کہا ہے