راولپنڈی (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ فائزہ یونس ) — پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پولیس گردی کے خلاف 14 جولائی بروز پیر شام 4 بجے راولپنڈی پریس کلب، لیاقت باغ میں منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے اور مشاورتی اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔
یہ احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی یونین آف جرنلسٹس (RIUJ) کے صدر طارق ورک کو تھانہ نیو ٹاؤن میں مبینہ طور پر حبسِ بےجا میں رکھنے، بدسلوکی، اور زبردستی کھینچا تانی کے واقعہ کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
افضل بٹ کا کہنا تھا کہ
"صحافیوں کی تضحیک اور آزادی صحافت پر حملہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ایک پر حملہ سب پر حملہ کے مترادف ہے۔”
صحافی برادری کا مطالبہ ہے کہ:
تھانہ نیو ٹاؤن کے ایس ایچ او طیب بیگ کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔
واقعہ کی شفاف انکوائری کے بعد طیب بیگ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور مقدمہ درج کیا جائے۔
افضل بٹ نے کہا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے، دباؤ میں لانے اور ان کے بنیادی حقوق کی پامالی کے خلاف ملک بھر کی صحافتی تنظیمیں متحد ہیں اور اس جدوجہد کو آخری حد تک لے جایا جائے گا۔
تمام صحافیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کل کے مظاہرے میں شرکت یقینی بنائیں۔