لندن: برطانیہ کی لیبر پارٹی کے لگ بھگ 60 ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو فوری طور پر تسلیم کرے، بصورت دیگر دو ریاستی حل کی حمایت محض ایک "کھوکھلا دعویٰ” بن کر رہ جائے گی۔
خط میں ارکانِ پارلیمنٹ نے اسرائیلی حکومت کے اس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے تحت فلسطینیوں کو جبری طور پر جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں قائم کیمپ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
ارکان نے اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی امدادی ایجنسی اونروا کی امداد جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ غزہ میں موجود لاکھوں فلسطینیوں کو بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔