برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس "توڑ پھوڑ” کی مذمت کی اور اسے "شرمناک” قرار دیا۔ وزارت دفاع اور پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

برطانیہ میں ایک فلسطین حامی گروپ نے رائل ایئر فورس (آر اے ایف) کے ایک فوجی اڈے میں داخل ہو کر فوجی طیاروں کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔ غزہ میں جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کو حاصل برطانوی حمایت کے تناظر میں یہ احتجاجی اقدام اٹھایا گیا۔
فلسطین نواز گروپ فلسطین ایکشن نے کہا کہ اس کے دو کارکنوں نے آر اے ایف کے، وسطی انگلینڈ کے آکسفورڈشائر میں واقع بریز نورٹن فوجی اڈے میں داخل ہو کر ۲ وائجر طیاروں کے انجنوں پر رنگین اسپرے کیا اور ان پر لوہے کی سلاخوں سے وار کیا۔ جمعہ کو ایک بیان میں گروپ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی عوامی مذمت کے باوجود، برطانیہ غزہ پر جاسوسی طیارے اڑانے، فوجی سامان بھیجنے اور امریکی/اسرائیلی جنگی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ برطانیہ نہ صرف شریک جرم ہے بلکہ غزہ میں نسل کشی اور مشرق وسطیٰ میں جنگی جرائم میں فعال طور پر شریک ہے۔