بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کانوں پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹ حملوں اور دستی بموں سے حملہ کیا ہے جب کہ فائرنگ سے بھی مزدوروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس واقعے میں اب تک 20 کان کنوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
دکی سٹی کی پولیس کے ایس ایچ او ہمایوں خان ناصر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا ہے کہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب دکی شہر سے کچھ فاصلے پر کوئلے کی کانوں میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افراد نے پہلے کوئلے کی کان پر راکٹوں اور دستی بموں سے حملہ کیا اور بعد ازاں شدید فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں متعدد کان کن نشانہ بنے ہیں کئی مزدور تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ رات گئے مسلح افراد اور فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے حملہ آوروں کو پہنچنے والے کسی قسم کے نقصان کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
دکی میں کان کنوں پر حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی۔