کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر وائس آف جرمنی ) بلوچستان کے علاقے سرہ ڈھاکہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جب کہ 2 دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، مارے گئے دہشت گرد ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے حالیہ دنوں میں بسوں سے مسافروں کو اتار کر 9 بے گناہ شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔ دہشت گردوں کی شناخت اور تعاقب ایک مربوط انٹیلیجنس آپریشن کے ذریعے کیا گیا۔
حکام کے مطابق، دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے جس سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔
فوجی ترجمان نے آپریشن کو ایک "اہم کامیابی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
دوسری جانب، شہری حلقوں اور سوشل میڈیا پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا جا رہا ہے اور شہداء کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔