نئی دہلی، بھارت نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے جدید ترین ہائپرسونک کروز میزائل ET-LDHCM کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
یہ میزائل ڈی آر ڈی او (ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن) نے خفیہ پروجیکٹ "وشنو” کے تحت تیار کیا ہے۔️ بھارتی میڈیا رپورٹس (ایکنامک ٹائمز، مَتھروبھومی) کے مطابق، یہ میزائل جدید اسکرام جٹ انجن سے لیس ہے اور 14 جولائی کو کیے گئے تجربے کے دوران اس نے ماچ 8 (تقریباً 11,000 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کی۔
اس کی رینج 1,500 کلومیٹر اور وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت 2,000 کلوگرام ہے، جس میں نیوکلیئر وارہیڈ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ یہ میزائل زمین سے قریب پرواز کرنے، تیزی سے راستہ بدلنے اور درمیانی پرواز میں ہدف درست کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے روایتی فضائی دفاعی نظاموں سے بچنے میں کامیاب بناتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میزائل روس کے 3M22زرکون سے نہ صرف زیادہ رینج رکھتا ہے بلکہ زیادہ طاقتور وارہیڈ بھی لے جا سکتا ہے — جس سے یہ دنیا کے جدید ترین ہائپرسونک میزائلوں میں شامل ہو گیا ہے۔