لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب، محمد شہزاد سے)
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (AVLS/CCD) ماڈل ٹاؤن لاہور نے تھانہ کاہنہ کی حدود میں انتہائی مطلوب اور خطرناک اشتہاری ملزم روحیل مسیح عرف سنی کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔ روحیل، جو بین الضلاع ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔
ڈی ایس پی سیلم شوکت اعوان کے مطابق کارروائی کے دوران اے ایس آئی سارنگ خان اور ان کی ٹیم ملزمان کی گرفتاری اور ریکوری کے لیے موجود تھی کہ اچانک چار مسلح ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر پہنچے اور پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
اسی دوران ملزم روحیل مسیح عرف سنی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ہلاک ہونے والا ملزم لاہور، ساہیوال، وزیرآباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈکیتی، نقب زنی، راہ زنی، وہیکل سنیچنگ، چوری، پولیس مقابلے اور شہریوں کو زخمی کرنے جیسے درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
اس پر تھانہ مانگا منڈی لاہور میں مقدمہ نمبر 1439/24 زیر دفعات 392/356/411 اور تھانہ سبزہ زار لاہور میں مقدمہ نمبر 2570/21 زیر دفعات 380/457/411 درج تھے۔
ڈی ایس پی سیلم شوکت اعوان کے مطابق روحیل عرف سنی پولیس پر فائرنگ کرنے کا عادی مجرم تھا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے بدنام تھا۔ کچھ عرصہ قبل وہ لاہور میں راہ زنی کے دوران ایک شہری کو شدید زخمی بھی کر چکا تھا۔
واقعہ کے بعد ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔