اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر قومی اسمبلی کے 5 اراکین کو پارٹی سے نکال دیا۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے جاری کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی سے نکالے جانے والوں میں اورنگزیب خان کھچی، ظہور قریشی، عثمان علی، مبارک زیب اور الیاس چوہدری شامل ہیں۔پی ٹی آئی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان اراکین نے 26ویں آئینی ترمیم کی حمایت میں ووٹ دے کر پارٹی ہدایات کی سنگین خلاف ورزی کی، حالانکہ پارٹی اجلاس میں ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منحرف اراکین نے 21 اکتوبر 2024 کو پارلیمان میں ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جو پارٹی وفاداری اور حلف کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔پارٹی چیئرمین کے مطابق ان اراکین کو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے، مگر عدم جواب دہی کے باعث یہ حتمی کارروائی کی گئی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اراکین دوسری جماعت میں شامل ہو چکے ہیں، لہٰذا ان کی پارلیمانی رکنیت ختم کر کے نااہل قرار دیا جائے۔
