لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب ڈاکٹر انس علی سے) — پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نشتر ٹاؤن لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والا غیرقانونی یونٹ بے نقاب کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ویجیلنس رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کر کے بھاری مقدار میں جعلی اشیاء ضبط کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق یونٹ سے:
5900 جعلی بوتلیں مختلف معروف برانڈز کے لیبل لگا کر تیار کی جا رہی تھیں
1850 لیٹر ناقص محلول
2 من سے زائد کیمیکل، فلیورز
45 کلو جعلی ڈھکن
10 کلو جعلی لیبل
6 گیس سلنڈر، 4 فلنگ مشینیں، کاربونیشن کولر، آر او پلانٹ اور 3 ڈرم برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مذکورہ فیکٹری میں بغیر منظور شدہ فارمولے کے کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، جبکہ صفائی کے انتظامات بھی نہایت ناقص تھے اور خام مال کھلی زمین پر رکھا گیا تھا۔ فیکٹری کسی قسم کے فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر خفیہ طور پر چلائی جا رہی تھی۔
ویجیلنس ٹیم کی جانب سے طویل ریکی کے بعد اس جعلی یونٹ کا سراغ لگایا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے جعلی مشروبات کا استعمال انسانی صحت، خصوصاً گردوں اور جگر پر انتہائی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تمام مشینری اور ناقص مواد تلف کر دیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
