پشاور (نمائندہ خصوصی) — خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتی نشست پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار گرپال سنگھ آفریدی بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے ٹاس سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی رواداری کی مثال قائم کی۔
گرپال سنگھ آفریدی کا تعلق خیبر ضلع کی تحصیل باڑہ سے ہے اور وہ ملک دین خیل قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی کامیابی کو جے یو آئی کی سیاسی حکمت عملی اور اقلیتی برادری کے ساتھ مضبوط روابط کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نشست پر ٹائی کی صورت میں فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہونا تھا، تاہم امیر مقام کی جانب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد گرپال سنگھ کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے دیا گیا۔ سیاسی حلقوں نے اس عمل کو مثبت جمہوری روایت قرار دیا ہے۔