اسلام آباد:بیورو رپورٹ محمد سلیم سے
جمہوریہ روانڈا کی پاکستان میں ہائی کمشنر محترمہ فاطو ہریریمانا نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں شہری ترقی، انفراسٹرکچر، سیاحت اور پائیدار شہروں کے نظم و نسق کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے روانڈا کی ہائی کمشنر کو اسلام آباد میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سفارتی انکلیو کی بہتری، اور اسلام آباد میں جنگل تھیم پر مبنی سفاری پارک کے قیام کے منصوبے کا ذکر کیا، جو شہریوں اور سیاحوں کے لیے تفریح اور قدرتی تحفظ کا امتزاج ہوگا۔

محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد اور روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کو "سسٹر سٹیز” قرار دینے کی تجویز کا خیرمقدم کیا، جو عوامی رابطوں، ثقافتی تبادلے اور شہری منصوبہ بندی و ماحول دوست حلوں میں تعاون کا باعث بنے گی۔ہائی کمشنر فاطو ہریریمانا نے چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والی ترقی کو سراہا اور کہا کہ روانڈا پاکستان کے دارالحکومت کے نظم و نسق اور پائیدار ترقی کے تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔دونوں فریقین نے سمارٹ سٹی حل، سبز مقامات، سیاحتی ترقی، اور ادارہ جاتی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے روانڈا کی ہائی کمشنر کو دوستی کے نشانی کے طور پر ایک سووینئر پیش کیا، جو پاکستان اور روانڈا کے درمیان دیرپا شراکت داری کی علامت ہے۔ رندھاوا نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اسلام آباد اور کیگالی کے درمیان سسٹر سٹی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔