اٹلی (مانیٹرنگ ڈیسک) فریڈم فلوٹیلا کے تحت فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد لے کر جانے والا اگلا جہاز ’’حنظلہ‘‘ اتوار کو اٹلی کے شہر اگستا (سسلی) سے روانہ ہوگا۔ یہ جہاز محصور غزہ کے عوام کے لیے خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات پر مشتمل امدادی سامان لے کر مشرقی بحیرہ روم کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔’’حنظلہ‘‘ کا نام ایک مشہور کارٹون کردار سے منسوب ہے — ایک ننگے پاؤں مہاجر بچہ جو فلسطینی مزاحمت اور مظلومیت کی علامت بن چکا ہے۔ یہ کردار معروف فلسطینی کارٹونسٹ ناجی العلی نے تخلیق کیا تھا، جو دنیا بھر میں فلسطینی کاز کی ایک پہچان ہے۔
فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے مطابق، اس مشن میں متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکن، ڈاکٹر، صحافی اور امن کے علمبردار شامل ہیں۔ ان کا مقصد اسرائیلی محاصرے کو پرامن طور پر چیلنج کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔
یاد رہے کہ فریڈم فلوٹیلا کے سابقہ مشن، خاص طور پر 2010 میں ’’ماوی مرمرہ‘‘ واقعے کے دوران، اسرائیلی افواج کی مزاحمت کا سامنا کر چکے ہیں، جس میں کئی کارکن جان کی بازی ہار گئے تھے۔
فریڈم فلوٹیلا کے منتظمین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیر قانونی اور غیر انسانی محاصرے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کو آزادانہ زندگی گزارنے کا حق دے۔
