تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) – غیر معیاری پیٹرول کے باعث ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو اپنے قافلے کی گاڑیاں چھوڑ کر ایک نجی ٹیکسی میں سفر کرنا پڑا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، صدر پزشکیان تبریز کے دورے پر تھے جب ان کے قافلے نے صوبہ قزوین کے ایک پیٹرول پمپ سے ایندھن بھروایا۔ تاہم، گاڑیوں میں پانی ملا ہوا پیٹرول ڈالے جانے کے باعث قافلہ راستے میں رک گیا۔ غیر متوقع صورتحال میں صدر نے مقامی حکام کو اطلاع دیے بغیر ایک نجی ٹیکسی کا بندوبست کیا اور تبریز روانہ ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پیٹرول پمپ پہلے بھی ناقص ایندھن کی فراہمی پر شکایات کی زد میں رہا ہے۔ ایرانی نیشنل آئل پروڈکٹس ڈسٹری بیوشن کمپنی نے تصدیق کی کہ اس پیٹرول اسٹیشن پر ایندھن کے معیار سے متعلق ماضی میں بھی شکایات درج ہوئی تھیں۔
تاحال صدارتی دفتر یا وزارتِ تیل کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
