اسلام آباد/راولپنڈی – جڑواں شہروں کی معروف سماجی شخصیت فرخ کھوکھر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ 18 جولائی بروز جمعہ ڈیرہ تاجی خان کھوکھر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کی موجودگی میں باقاعدہ طور پر جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
فرخ کھوکھر کا تعلق سیاسی طور پر سرگرم کھوکھر خاندان سے ہے۔ وہ سابق ڈپٹی اسپیکر نواز کھوکھر کے بھتیجے اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچازاد بھائی ہیں۔ ان کے والد تاجی خان کھوکھر خطہ پوٹھوہار کی ایک معروف شخصیت تھے۔
تقریب میں امیر جے یو آئی اسلام آباد مفتی اویس عزیز بھی شریک ہوں گے۔ فرخ کھوکھر کے مطابق وہ اسلام آباد سے اپنا باقاعدہ سیاسی سفر جے یو آئی (ف) کے پلیٹ فارم سے شروع کریں گے۔
فرخ کھوکھر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ وہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن اور جمعیت علمائے اسلام کے کردار سے متاثر ہو کر اس جماعت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس 18 جولائی کو شام 4 بجے منعقد کی جائے گی، جس میں میڈیا کے نمائندے اور مذہبی و سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔