اسلام آباد (محمد سلیم سے )
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور بعض غیر مصدقہ ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیا جا رہا ہے اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو ان کے متبادل کے طور پر صدر بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔
وزیراعظم نے ان تمام افواہوں کو قیاس آرائی پر مبنی، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت اہم سیاسی، معاشی اور سلامتی کے چیلنجز سے نبردآزما ہے، اور ایسے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات اور افواہیں صرف عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پوری جانفشانی اور قومی وقار کے ساتھ نبھا رہے ہیں، اور انہوں نے نہ تو کبھی صدر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور نہ ہی حکومت کی سطح پر اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ایک منتخب اور آئینی صدر ہیں، اور ان کی خدمات کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایسی افواہیں پھیلانا، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، دراصل اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش کے مترادف ہے۔
انہوں نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی جھوٹی اور من گھڑت خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند اور قابل اعتماد ذرائع سے حاصل شدہ اطلاعات پر انحصار کریں۔