لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب ڈاکٹر انسب علی سے)
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں جاری اس مہم کے دوران مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 67 املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے شادمان، وحدت روڈ اور مین بلیوارڈ سبزہ زار میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 25 املاک کو سیل کر دیا، جب کہ ٹاؤن پلاننگ زون تھری کی ٹیموں نے 36 غیر قانونی کمرشل عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
شادمان وَن میں جاری ریکوری آپریشن کے دوران مزید 6 املاک کو سیل کیا گیا۔ سربمہر کی گئی خاص املاک میں 465، 467، 120، 93 اور 729 شادمان وَن شامل ہیں۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، کلینک، کیفے، گراسری سٹورز، سیلون، ورکشاپس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا، جب کہ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ:
> "غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔”
ایل ڈی اے کی جانب سے جاری اس کریک ڈاؤن کا مقصد شہر میں قانونی تعمیرات کو فروغ دینا اور ریونیو کے نقصانات کو کم کرنا ہے۔