لاہور: (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے الیکٹرک ٹرام سروس متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ اورنج لائن ٹرین کے ترجمان کے مطابق، یہ ٹرام چین سے درآمد کی گئی ہے اور جلد ہی آزمائشی بنیادوں پر لاہور کی سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ الیکٹرک ٹرام صرف 10 منٹ کی چارجنگ کے بعد 25 سے 27 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ جدید طرز کی یہ ٹرام تین باکسز پر مشتمل ہے جس میں 250 مسافروں کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کی گنجائش ہوگی۔ اس وقت ٹرام کی اسمبلنگ علی ٹاؤن ڈپو میں جاری ہے۔ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹرام کو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک کے مجوزہ روٹ پر چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔ترجمان اورنج ٹرین کا کہنا تھا:
"ابتدائی مرحلے میں ٹرام سروس عوام کے لیے مفت ہوگی، اور اگر ٹرائل کامیاب رہا تو مستقبل میں کرایہ متعارف کرایا جائے گا۔”