لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب محمد شہزاد سے)
واسا لاہور نے حالیہ شدید بارشوں کے بعد "پوسٹ رین آپریشن” تیز کر دیا ہے۔ ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران لبرٹی چوک، کلمہ چوک، گارڈن ٹاؤن، قذافی اسٹیڈیم اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت کئی اہم مقامات پر جاری نکاسی آب آپریشن کا معائنہ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش میں پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ شہر بھر میں اوسطاً 122.2 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔واسا کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شاہ جمال، وارث روڈ، جی پی او چوک، نابھہ روڈ، ریلوے اسٹیشن، علی بلاک گارڈن ٹاؤن، بھاٹی گیٹ، وحدت روڈ وارث کالونی، ٹکہ چوک اور اللہ ہو چوک جیسے علاقوں کو کلیئر کر دیا ہے۔بارش کے ختم ہوتے ہی ایک موریہ، قرطبہ چوک، لٹن روڈ، لکشمی چوک، کریم پارک اور رسول پارک کو بھی پانی سے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا۔ڈی جی واسا طیب فرید اور ایم ڈی غفران احمد نے تمام مرکزی، سیکنڈری اور ترتیری روڈز کی مکمل سوئیپنگ اور صفائی کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
