لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب ڈاکٹر انسب علی سے)
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا شہر کو صاف، ستھرا اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے متحرک نظر آ رہے ہیں۔ انہی اقدامات کے تسلسل میں ڈی سی لاہور نے علی الصبح تحصیل رائیونڈ کا اچانک دورہ کیا اور جاتی عمرہ، چاہ ٹہنبولی اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو شہر بھر میں صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، کوڑا کرکٹ روزانہ کی بنیاد پر اٹھا کر ڈمپنگ سائٹ تک پہنچانے، اور صفائی کا عمل دفتری اوقات سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ معمولات زندگی کے آغاز سے پہلے ہی صفائی کا عمل مکمل ہونا چاہیے۔
ڈی سی لاہور نے واسا کو نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل فوری حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہر میں صفائی اور نکاسی کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہنا چاہیے۔ تجاوزات اور بصری آلودگی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینرز، پوسٹرز اور دیگر غیر ضروری اشیاء کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔
انہوں نے ایک ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی کہ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ رہائشی علاقوں سے جھگیاں فوری ہٹانے اور شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح کیا کہ صفائی مہم میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔
