لندن: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے لندن میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی مذاکرات (UK-Pakistan Trade Dialogue) کے باضابطہ آغاز پر پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ برطانوی وفد کی سربراہی "دی رائٹ آنرایبل” ڈگلس الیگزینڈر ایم پی، وزیر برائے ریاستی تجارت و بزنس، نے کی، جبکہ پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مستقل ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ دونوں فریقوں نے تجارتی مواقع کی تلاش، رکاوٹوں کے خاتمے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی وفد نے آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، ایگری ٹیک، اور فارماسیوٹیکل جیسے شعبوں میں ملک کی ابھرتی ہوئی برآمدی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ برطانوی وفد نے پاکستان کو ایک اہم تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے، DCTS (Developing Countries Trading Scheme) کے تحت تجارتی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ڈائیلاگ کے دوران ایک جامع Terms of Reference کو اپنایا گیا، جس کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے اور وقتاً فوقتاً پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں ڈیجیٹل تجارت، پائیدار سپلائی چینز اور ادارہ جاتی روابط جیسے ترجیحی شعبوں پر خصوصی زور دیا گیا۔