واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)
امریکی خفیہ ادارے سیکرٹ سروس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گزشتہ برس ہونے والے قاتلانہ حملے کے دوران سیکیورٹی میں سنگین غفلت برتنے پر اپنے 6 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ ان اہلکاروں کو 10 سے 42 دن کی بغیر تنخواہ کے چھٹی دی گئی ہے۔
ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ کوئن نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان اہلکاروں کو برطرف نہیں کیا گیا، لیکن معطلی کے بعد ان کی ذمہ داریاں محدود کر دی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایجنسی انفرادی سزاؤں سے زیادہ نظامی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی سنگین کوتاہیاں نہ دہرائی جائیں۔
13 جولائی 2024 کو پنسلوانیا کے شہر بٹلر میں ایک انتخابی ریلی کے دوران سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ ہوا۔ حملہ آور تھامس میتھیو کروس نامی 20 سالہ نوجوان تھا جو ایک غیر نگرانی شدہ چھت پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے ریلی کے دوران فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ٹرمپ کے کان پر گولی لگی اور وہ زخمی ہوئے۔واقعے میں ایک فائر فائٹر کوری کومپیراتوری اپنی فیملی کو بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔ حملے کے فوراً بعد سیکرٹ سروس کے نشانہ باز نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا تھا۔