لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے): پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے چیئرمین عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے سلسلے میں 5 اگست کو لاہور کے تاریخی مقام مینارِ پاکستان پر جلسہ منعقد کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ پرامن ہوگا اور اس کا مقصد عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی دباؤ کو منظم اور آئینی طریقے سے اجاگر کرنا ہے۔ درخواست میں جلسے کی سیکیورٹی، ٹریفک پلان اور شرکاء کے انتظامات سے متعلق حکام کو مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، جلسے میں ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، اور مرکزی قائدین اہم خطاب کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے تاحال جلسے کی اجازت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد جلد فیصلہ متوقع ہے۔