اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ بامقصد اور تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریئٹ سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے بادشاہ چارلس سوئم اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے رواں سال برطانوی قیادت سے ملاقات کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے برٹش پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات کم ہوں گی اور عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہائی کمشنر کے کردار کو بھی سراہا۔
پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت اور حالیہ تجارتی مذاکرات کو دونوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں، جہاں اس وقت پاکستان کو ماہانہ صدارت حاصل ہے، برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے ماضی میں پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران برطانیہ کے کشیدگی کم کرنے والے کردار کو سراہا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ لندن میں ان کی حالیہ مشاورت میں پاک-برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے معاشی میدان میں حکومت کی کارکردگی اور وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں اہم معاشی اشاریے نمایاں طور پر بہتر ہوئے