تہران (نمائندہ خصوصی)
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ "پاکستان نے اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران جس طرح ایران کا ساتھ دیا، وہ ہمارے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔” انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا۔تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں پاک-ایران تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات اور احترام کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔محسن نقوی نے ایرانی قیادت کو حالیہ جنگ میں عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستانی عوام کی جانب سے یکجہتی کا پیغام دیا۔ایرانی صدر نے کہا:”ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتے ہیں۔ اسرائیل کے خلاف حالیہ جنگ کے دوران پاکستان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بارڈر سیکیورٹی، تجارتی تعاون، اور انسدادِ منشیات کے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
