لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا (PECA) کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا سلسلہ بحال کیا جا رہا ہے، جس کا انعقاد پیکٹا کرے گا۔
وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ آئندہ 30 دنوں کے اندر بورڈ امتحانات کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گریڈ 5 سے 7 تک کے طلباء کے لیے انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کا نظام وضع کیا جائے، جس سے نہ صرف طلباء بلکہ اساتذہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسسمنٹ نظام کو شفاف، مؤثر اور کارکردگی پر مبنی ہونا چاہیے۔
وزیر تعلیم نے اجلاس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کی بہتری کے لیے بھی اہم اقدامات تجویز کیے۔ میٹرک ٹیک کی نہم و گیارہویں جماعت کی کتب کو ویڈیو فارمیٹ میں ڈھالنے پر غور جاری ہے، جبکہ آن لائن ٹیک ایجوکیشن کے فروغ کے لیے اکیڈمک کمیٹی کو ویڈیوز کے معیار پر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، ٹیکنیکل اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے ٹرینرز کا انتخاب سابقہ کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل کتب کی بروقت پرنٹنگ اور ترسیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بار تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں مڈل کلاسز میں ڈراپ آؤٹ کی بلند شرح پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کے تدارک کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔