پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 55 ہزار سے زائد مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت دیگر شہروں میں بجلی چوری میں ملوث 37 ہزار 756 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 34 ہزار 641 مقدمات کے چالان مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بجلی چوری سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2 ہزار سے زائد افراد کو سزائیں اور جرمانے بھی دیے جا چکے ہیں۔
صرف لاہور میں 14 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے، جب کہ 17 ہزار 923 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
مزید برآں، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بیان میں واضح کیا کہ اب بجلی چوری کی صورت میں فیڈر کے بجائے متعلقہ ٹرانسفارمر بند کیا جائے گا تاکہ صرف ذمہ دار علاقے کو اثر پڑے اور باقی عوام متاثر نہ ہو۔
یہ کریک ڈاؤن بجلی چوری کے خلاف حکومت کی جانب سے جاری سخت پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں ہونے والے نقصان کو کم کرنا اور نظام میں شفافیت لانا ہے۔