لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب محمد شہزاد سے)
پنجاب حکومت نے ماحولیاتی تحفظ، ایندھن کی بچت اور جدید شہری ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے تاریخی قدم اٹھا لیا۔ صوبے میں پہلی بار بڑے پیمانے پر برقی (الیکٹرک) ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت 400 الیکٹرک بسیں اور 1100 ای وی ٹیکسیاں سڑکوں پر لائی جائیں گی۔یہ اہم اعلان صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔400 جدید الیکٹرک بسیں ابتدائی طور پر لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں چلائی جائیں گی۔
1100 ای وی ٹیکسیاں صرف لاہور اور راولپنڈی کے شہریوں کو بلاسود قرضوں کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی کوٹہ بھی رکھا گیا ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔یہ منصوبہ چین کی معروف Yutong Bus Company کے ساتھ شراکت داری کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ الیکٹرک بسیں YEA (Yutong Electric Architecture) اور DMT (Dual Mode Transmission) ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گی۔حکومت نے تیز رفتار الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کا نیٹ ورک بچھانے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
ابتدائی چارجنگ اسٹیشنز لاہور تا اسلام آباد جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر نصب کیے جا چکے ہیں۔
