اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملازمین کیلئے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (VSS) پر عملدرآمد کے سلسلے میں وزارت خزانہ سے 29 ارب روپے کے فنڈز طلب کر لیے ہیں۔ذرائع کے مطابق کارپوریشن کی جانب سے وزارت خزانہ کو بھیجی گئی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 5217 مستقل ملازمین کو اسکیم کے تحت ادائیگیوں کیلئے 22 ارب 84 کروڑ روپے درکار ہوں گے، جبکہ 6204 ڈیلی ویجز اور عارضی ملازمین کو 6 ارب 33 کروڑ روپے کی ادائیگی درکار ہوگی۔
وزارت خزانہ نے اس پیکج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجرز ملازمین کو اسکیم میں شامل کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ وزارت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو پیکج دوبارہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری وزارت صنعت کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو نظرثانی شدہ پیکج مرتب کرے گی، اور یہ نیا پیکج آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 10 جولائی سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ویئر ہاؤسز خالی کرنے کا حکم دیا تھا، مگر ملازمین نے اس فیصلے کو تحریری معاہدے سے مشروط کرتے ہوئے ویئر ہاؤسز خالی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ملک بھر میں موجود یوٹیلیٹی اسٹورز کے ویئرہاؤسز میں اس وقت 6 ارب روپے مالیت کا سامان ذخیرہ ہے، جو حکومتی فیصلے کے بعد بے یقینی کا شکار ہے۔