اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے علی امین گنڈا پور کے 90 دن کے الٹی میٹم سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ اعلان پارٹی پالیسی یا مشاورت کے بغیر کیا گیا، اور اسے علی امین کی ذاتی رائے قرار دیا جا رہا ہے۔
سینئر وکیل اور پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے بھی علی امین کے بیان سے فاصلہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس الٹی میٹم کا حصہ نہیں اور پارٹی چیئرمین عمران خان نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ 5 اگست کو تحریک اپنے عروج پر ہونی چاہیے، اور تمام کارکنان اور قیادت اسی حکمت عملی پر کاربند ہیں۔ پارٹی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے چیئرمین کی ہدایات ہی حرفِ آخر سمجھی جاتی ہیں۔پارٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی ڈیڈ لائن یا اعلان اجتماعی مشاورت سے ہوتا ہے، نہ کہ انفرادی سطح پر۔