ہنوئی: پاکستان اور ویتنام نے دوطرفہ مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بینکنگ شعبے میں تعاون کی تجدید پر اتفاق کر لیا ہے۔ پاکستان کے وزیر تجارت کی ویتنام کے اسٹیٹ بینک (SBV) کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر ہونگ ٹرنگ سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 2004 میں دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشت (MoU) کو موجودہ مالیاتی رجحانات اور باہمی تجارت کی روشنی میں جدید بنانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں بینکاری تعاون، سرحد پار سرمایہ کاری، اور ریگولیٹری ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ خاص طور پر ڈیجیٹل ادائیگیوں، QR کوڈ پر مبنی سسٹمز، اور مالیاتی شمولیت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کو مستقبل کے تعاون کا حصہ بنانے پر زور دیا گیا۔
پاکستانی وزیر نے ویتنام کی ڈیجیٹل بینکاری میں ترقی کو سراہتے ہوئے پاکستان میں مالیاتی اصلاحات کے لیے ویتنام کے تجربے سے استفادے میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں فریقین نے اعتراف کیا کہ مرکزی بینک اقتصادی تعاون اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے ادارہ جاتی رابطوں کے تسلسل اور باقاعدہ فالو اپ کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ذریعے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔