لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ معدنیات نے "مریم نواز راشن کارڈ” اسکیم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد مائنز ورکرز کی فلاح و بہبود اور معاشی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
تقریب کی صدارت صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے کی، جنہوں نے کہا کہ راشن کارڈز مریم نواز کے ویژن کا عملی مظہر ہیں۔ اس منصوبے کے تحت 40 ہزار مزدوروں کو راشن کارڈز فراہم کیے جا رہے ہیں جن کی مدد سے ہر مستحق مزدور ماہانہ تین ہزار روپے تک راشن حاصل کر سکے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ یہ اقدام محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ مریم نواز کا ویژن صرف ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ معاشرتی انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بھی مرکوز ہے۔ راشن کارڈز کے ذریعے ہر ماہ 3 ہزار روپے تک راشن کی فراہمی۔
40 ہزار مائنز ورکرز کو کارڈز کی تقسیم، جن میں سے اکثریت کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہر ضلع میں ٹیکنیکل کالجز قائم کیے جائیں گے۔
محکمہ معدنیات نے اس سال 30 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا، جو ریکارڈ ہے۔
مزدوروں کے بچوں کو مفت لیپ ٹاپ، ای-بائیکس اور سکالرشپس دی جائیں گی۔
مائنز ورکرز فنڈ 70 کروڑ سے بڑھا کر 3 ارب کر دیا گیا۔
سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص ہر روپیہ ایک امانت سمجھا جاتا ہے۔
یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ پنجاب حکومت صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ایک فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے۔