لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں چینی کی سرکاری قیمت 164 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن بازاروں میں چینی 205 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نرخ نامے جاری ضرور کیے گئے ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ نہ کہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں، نہ ہی گراں فروشی پر جرمانوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق طلب اور رسد کے درمیان فرق اور ذخیرہ اندوزی کے باعث قیمتوں میں یہ ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود نظر آتی ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔