لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے 90 روزہ تحریک کے اعلان پر سوالات اٹھا دیے۔
عالیہ حمزہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ گزشتہ دو روز سے ایسی "مصروفیات” میں تھیں جن کا شاید انہیں خود بھی علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو انہیں اجلاس میں بلایا گیا اور نہ ہی کسی فیصلے پر اعتماد میں لیا گیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 5 اگست کے مجوزہ احتجاجی دن کے مقابلے میں یہ 90 دن کا منصوبہ کہاں سے آیا؟ اور اگر کسی کو اس کا علم ہے تو انہیں بھی آگاہ کیا جائے۔
عالیہ نے زور دیا کہ تحریک کا اصل مقصد صرف اور صرف عمران خان کی رہائی ہونا چاہیے اور نعرہ بھی صرف ایک ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس کے بعد علی امین گنڈا پور نے 90 روزہ تحریک کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔