لاہور ( انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
یونیسف کی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جو سری لنکا جیسے ملک کی پوری آبادی سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 1 کروڑ (10 ملین) سے تجاوز کر گئی ہے، جو ایک لمحۂ فکریہ ہے۔
مزید تشویشناک بات یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہزاروں بچوں کی جعلی انرولمنٹ (فیک ڈیٹا اینٹری) کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی سرکاری اسکولوں میں ایسے بچوں کو انرول ظاہر کیا گیا جو درحقیقت اسکول آ ہی نہیں رہے تھے، تاکہ سرکاری اعداد و شمار بہتر دکھائے جا سکیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچا ہے بلکہ اصل بحران یعنی بچوں کا تعلیم سے دور رہنا، مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
یونیسف نے زور دیا ہے کہ حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ نہ صرف تعلیمی نظام کو شفاف بنایا جا سکے بلکہ لاکھوں بچوں کو اسکولوں میں واپس لانے کیلئے ایمرجنسی تعلیمی پروگرام بھی شروع کیا جائے۔