لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب ڈاکٹر انسب علی سے) — پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملی رکشہ یونین کے زیر اہتمام پریس کلب لاہور کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ہزاروں رکشہ ڈرائیورز، مزدور اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے شرکت کی۔
احتجاجی شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "غریب دشمن پالیسیاں نامنظور”، "پیٹرول مافیا مردہ باد” جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
رہنما ملی رکشہ یونین رانا شمشاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: “جب پیٹرول کی قیمت 271 روپے فی لیٹر ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ عوام کے ساتھ ظلم بند کیا جائے۔”مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے جلد از جلد پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ یونین نے اعلان کیا کہ احتجاج کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ رکشہ ڈرائیورز، دہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقات کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں کو واپس پرانے نرخوں پر لائے، بصورت دیگر تحریک میں شدت لائی جائے گی۔