پاکپتن (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے) — سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے مبینہ طور پر اپنے ملازم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملازم علی بہادر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ پیر غنی کوٹھی کے مقام پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کا سبب ملازم کی جانب سے "جلد کام نہ کرنا” بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد زخمی علی بہادر کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او جاوید چدھڑ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر خود صورت حال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موسیٰ مانیکا کو گرفتار کر لیا جبکہ پیر غنی کوٹھی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او جاوید چدھڑ کا کہنا تھا:
> “مجرم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں۔ ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔”
پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے نے مقامی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان اور شہری حلقوں نے واقعے پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
