تہران (ایجنسی رپورٹ) –
رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایک اہم خطاب میں امریکہ کی عالمی طاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "ایک کتے” سے تشبیہ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ: "امریکہ کی طاقت کا سب سے بڑا راز لوگوں کے دلوں میں بیٹھا ہوا خوف ہے۔ اس کی مثال ایسے کتے کی سی ہے کہ اگر تم اسے دیکھ کر ڈر جاؤ، پیچھے ہٹنے لگو یا بھاگنے لگو، تو وہ تمہارا مسلسل پیچھا کرے گا، تمہیں ڈرائے گا، اور آخرکار تمہیں نقصان پہنچائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انسان دل سے اس ڈر کو نکال دے اور اس کے سامنے ڈٹ جائے، ہمت سے دو قدم آگے بڑھے اور اس پر پتھر پھینکے، تو وہی "خطرناک” نظر آنے والا کتا پیچھے ہٹنے لگتا ہے، بھونکنے کے سوا کچھ نہیں کر پاتا، اور آخرکار دم دبا کر بھاگ جاتا ہے۔
"اصل طاقت ہتھیاروں یا ٹیکنالوجی میں نہیں”
آیت اللہ خامنہ ای نے زور دے کر کہا کہ:”اصل طاقت نہ تو ایٹمی ہتھیاروں میں ہے اور نہ جدید ٹیکنالوجی میں، بلکہ سچی طاقت جرأت، حوصلے، خوداعتمادی اور سچائی پر ڈٹ جانے میں ہے۔ اگر ایک قوم خود پر یقین رکھے، ظلم کے سامنے نہ جھکے اور حق کا ساتھ دے، تو دنیا کی کوئی بڑی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔”
"خوف ختم کرو، حق پر ڈٹ جاؤ”رہبر انقلاب کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور امریکہ کے کردار پر کئی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید ہو رہی ہے۔یہ بیان امت مسلمہ، کمزور اقوام اور مظلوم تحریکوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ اپنی خودی پہچانیں، خوف کو ختم کریں اور حق و انصاف کی راہ پر مضبوطی سے کھڑے ہو جائیں۔