ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک): بنگلادیش کی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دارالحکومت ڈھاکا کے علاقے اُتّارا میں گر کر تباہ ہوگیا، افسوسناک حادثے میں 19 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی میڈیا اور مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ پیر کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 6 منٹ پر اُس وقت پیش آیا جب بنگلادیش ایئرفورس کا ایف-7 بی جی آئی (F-7 BGI) تربیتی طیارہ پرواز بھرنے کے فوراً بعد تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول سے باہر ہو کر اُتّارا کے ایک نجی کالج کی عمارت سے جا ٹکرایا۔
عمارت میں شدید آگ، امدادی کارروائیاں جاری
حادثے کے بعد طیارے کے ملبے اور ایندھن سے کالج کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ مقامی فائر بریگیڈ، ریسکیو 999، اور بنگلادیش آرمی کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، طیارہ تیزی سے نیچے آ رہا تھا اور پائلٹ کو آخری لمحات میں آبادی سے ہٹ کر طیارے کو موڑنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا۔
فوجی ترجمان کی تصدیق
بنرلادیشی فوج کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرفورس کے ایک ایف-7 تربیتی طیارے کو حادثہ پیش آیا تاہم پائلٹ اور ہلاکتوں کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
میڈیا کے متضاد دعوے
ابتدائی طور پر بعض میڈیا اداروں نے صرف ایک ہلاکت کی تصدیق کی تھی، لیکن بعدازاں مقامی ذرائع اور اسپتالوں کے بیانات کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ چکی ہے، جن میں بیشتر کا تعلق کالج سے بتایا جا رہا ہے۔
تحقیقات کا آغاز
واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ طیارے کو پیش آنے والی ممکنہ تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی کے اسباب معلوم کیے جا سکیں۔