پاکستان اسلام آباد (بیورو رپورٹ ) — جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب صبح 2:04 بجے پاکستان سمیت افغانستان اور تاجکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کا مرکز باجوڑ ایجنسی سے 102 کلومیٹر دور بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کشمیر اور گرد و نواح کے علاوہ گوجرانوالہ، علی پور چٹھہ، حافظ آباد، جلال پور، پنڈی بھٹیاں تک محسوس کیے گئے۔ افغان شہر جلال آباد میں بھی زلزلے کی شدت دیکھی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے باعث لوگ گھبراہٹ میں گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر عوام نے مختلف شہروں سے جھٹکوں کی اطلاع دینا شروع کر دی۔ متعدد مقامات پر لوگ دعائیں کرتے ہوئے باہر نکلے اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
زلزلہ پیما مرکز اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔