لاہور / اسلام آباد – (نمائندہ خصوصی)
ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ لاہور آمد پر ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، اور مزارِ اقبال پر حاضری دے کر انہوں نے شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر پزشکیان ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ہوائی اڈے کو پاکستانی اور ایرانی پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔یہ مسعود پزشکیان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس دوران وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، سرحدی امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔مزارِ اقبال پر خراجِ عقیدت…لاہور آمد کے بعد ایرانی صدر نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ ایرانی وفد اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت، اور سرحدی تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔