یمن (مانیٹرنگ ڈیسک وائس آف جرمنی ) یمن کے ساحلی علاقے کے قریب پناہ گزینوں کی ایک کشتی سمندر میں الٹنے کے باعث کم از کم 68 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ 74 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
بین الاقوامی اداروں کے مطابق کشتی میں افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے درجنوں پناہ گزین سوار تھے، جو غیر قانونی طور پر خلیجی ممالک کی طرف سفر کر رہے تھے۔ریسکیو ٹیموں نے درجنوں افراد کو زندہ بچا لیا ہے، تاہم تلاش کا کام جاری ہے اور حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے اس واقعے کو "افسوسناک سانحہ” قرار دیا ہے اور بحری راستے سے انسانی اسمگلنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔