ایران پر امریکی حملے کا خدشہ، اسرائیل نے جنگی تیاریاں شروع کردیں
تل ابیب — امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فوجی کارروائی کی اطلاعات کے درمیان اسرائیل نے اپنے دفاعی اور ہنگامی اداروں کو مکمل الرٹ پر رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔اسرائیلی حکومتی ذرائع کے مطابق دفاعی اداروں، سول ڈیفنس اور ہنگامی خدمات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر ممکنہ صورتحال سے…
تل ابیب — امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فوجی کارروائی کی اطلاعات کے درمیان اسرائیل نے اپنے دفاعی اور ہنگامی اداروں کو مکمل الرٹ پر رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسرائیلی حکومتی ذرائع کے مطابق دفاعی اداروں، سول ڈیفنس اور ہنگامی خدمات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔ فوجی اور سویلین دونوں سطحوں پر احتیاطی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں اپنے فضائی اور بحری اثاثوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور رواں ہفتے کے آخر تک ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان ہے۔ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ کسی بھی امریکی حملے کی صورت میں ایران اسرائیل کو جوابی نشانہ بنا سکتا ہے۔
ایران نے ماضی میں متعدد بار واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں اسرائیل سمیت تمام ذمہ داروں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اسرائیل پہلے ہی ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں کا تجربہ کر چکا ہے اور اس کا آئرن ڈوم دفاعی نظام ہائی الرٹ پر ہے۔
خطے میں کشیدگی کے پیش نظر عالمی طاقتیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سفارتی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔
