امریکہ نے ہندوستان کے سفر پر الرٹ جاری کرتے ہوئے درجہ دوم کی ہدایات جاری کی اور خواتین کو تنہا سفر سے منع کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان کے دیہی علاقوں میں ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اہلیت محدود ہے۔امریکہ نے جرائم اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ہندوستان کے لیے درجہ دوم کی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے امریکی شہریوںسے’’اضافی احتیاط‘‘ برتنے کامشورہ دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے۱۶؍ جون کو جاری کردہ اس انتباہی نوٹس میں ملک کے بعض حصوں میں بڑھتے ہوئے حفاظتی خدشات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ہدایات میں کہا گیاہے کہ ’’ہندوستان میں آبروریزی تیزی سے بڑھنے والے جرائم میں سے ایک ہے۔ سیاحتی مقامات اور دیگر جگہوں پر جنسی حملوں سمیت تشدد آمیز واقعات رونما ہوتے ہیں۔ اس میں یہ بھی خبردار کیا گیا کہ ’’دہشت گرد بغیر کسی انتباہ یا معمولی وارننگ کے حملہ کر سکتے ہیں۔ اور ان کے نشانے پر بازاروں، ٹرانسپورٹ ہب، شاپنگ مالز اور سرکاری عمارتیں ہو سکتی ہیں۔‘‘
ہدایات میںمزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی ہندوستان کے دیہی علاقوں میں اپنے شہریوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔یہ علاقے مشرقی مہاراشٹر اور شمالی تلنگانہ سے لے کر مغربی مغربی بنگال تک پھیلے ہوئے ہیں۔ حفاظتی خطرات کی وجہ سے، امریکی سرکاری عملے کو ان جگہوں پر سفر کے لیے خصوصی اجازت لینا ضروری ہے۔
